امریکہ،15مارچ(ایجنسی) سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکا میں ان کے معاون خصوصی و مشیر نے کہا ہے کہ نائب ولی عہد اور امریکی صدر کے درمیان ہونے والی 'تاریخ ساز ملاقات دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کے نئے دور کانقطہ آغاز ہے۔'
نائب ولی عہد کے مشیر نے امریکی نشریاتی ادارے'بلوم برگ' کو دیئے گئے انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی بات چیت کا تفصیلی احوال بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اور شہزادہ محمد کے درمیان ہونے والی ملاقات نے دونوں ملکوں کو ایک بار پھر درست سمت میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ دونوں رہ نماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں سیاسی، عسکری ،
سیکیورٹی اور اقتصادی شعبوں سمیت کئی دیگر امور میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر امریکی صدرنے خطے کے مسائل کے بارے میں سعودی عرب کے اصولی موقف اور اس کے حل کے طریقہ کار کو توجہ اور انہماک سے سنا۔
ذرائع کے مطابق دورہ امریکا کے دوران سعودی نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات میں چھ ملکوں کے باشندوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ وہ چھ مسلمان ملکوں کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی کے فیصلے پرشروع سے نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ سعودی عرب، امریکا کے اس فیصلے کو اسلامی ممالک پر پابندیوں کے ضمن میں نہیں لیتا بلکہ دہشت گردوں کی امریکا میں داخلے پر پابندی کے موقف کا حامی ہے۔